ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کینرا ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے پھر اُگلازہر۔ اب بابائے قوم کو بنایا نشانہ؛ گاندھی جی کی جدوجہد آزادی کو بتایا ’ڈراما‘

کینرا ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے پھر اُگلازہر۔ اب بابائے قوم کو بنایا نشانہ؛ گاندھی جی کی جدوجہد آزادی کو بتایا ’ڈراما‘

Sun, 02 Feb 2020 12:50:05    S.O. News Service

بھٹکل 2/فروری (ایس او نیوز) اپنی بدکلامی اور زہر افشانی کے لئے بدنام   شمالی کینرا ایم پی اننت کمار ہیگڈے نے پھر ایک بار زہر اگلا ہے اور اس مرتبہ گاندھی جی کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جدوجہد آزادی محض ایک ڈرامہ تھی اور ملک کو آزادی  ستیہ گرہ کی وجہ سے نہیں ملی تھی۔

زہریلے بیانات دے کر میڈیا میں اپنی شناخت بنائے رکھنے والے  اننت کمار ہیگڈے نے بنگلور کے ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ گاندھی اور ان کے ساتھی لیڈروں نے انگریزوں کے ساتھ ساز باز کرتے ہوئے اور ان کی رضامندی لے کر ستیہ گرہ اور آزادی کی جدوجہد کرنے کا ڈرامہ رچا تھا۔ اپنے موقف کی بچکانہ دلیل کے طور پر ہیگڈے نے کہا کہ”ان جیسے نام نہادلیڈروں میں سے کسی پربھی انگریزوں نے لاٹھیاں نہیں چلائی تھیں۔کیونکہ یہ جنگ آزادی نہیں تھی بلکہ انگریزوں سے ’سازباز‘ اور ان کی ’حمایت‘ سے کی جارہی لڑائی تھی۔“

 البتہ ریاستی بی جے پی نے اننت کمار ہیگڈے کے بیان سے خود کو الگ کرلیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی ترجمان مدھو سدن نے کہا کہ آر ایس مہاتما گاندھی کا احترام کرتی ہے اور ایسے ’گھٹیا‘ تبصروں کی حمایت نہیں کی جائے گی۔

 دوسری طرف اننت کمار کے بیان پرریاستی کانگریس کی طرف سے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیرا علیٰ سدارامیا نے کہا کہ ”اننت کمار ہیگڈے جیسے لوگوں سے ہمیں حب الوطنی کا سبق سیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔اننت کمار ہیگڈے کو جد وجہد آزادی کی بنیادی باتیں بھی معلوم نہیں ہیں۔گوڈسے (گاندھی کے قاتل) کی پرستش اور سراہنا کرنے والوں سے اور کس بات کی امید کی جاسکتی ہے۔وہ گاندھی کو کیسے قبول کرسکتے ہیں؟“

    کرناٹکا پردیش کانگریس کے میڈیا چیف وی ایس اوگرپّا نے ہیگڈے کو لتاڑتے ہوئے کہا:”اننت کمار ہیگڈے کا ذہنی توازن بگڑ گیا ہے۔ اگر اس کے تعلق سے بی جے پی کو کوئی فکر ہے تو پھر اسے فوری طور پر نمہانس یا دوسرے کسی اچھے اسپتال میں داخل کردینا چاہیے جہاں دماغی بیماریوں کا علاج ہوتا ہو۔اگر ریاست اورمرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت زندہ ہے، تو ملک کے آئین، جمہوریت اور مہاتما گاندھی کے خلاف ہتک آمیز تبصرے کرنے کی پاداش میں ہیگڈے کو سلاخوں کے پیچھے بھیج دینا چاہیے۔گاندھی جیسی عظیم شخصیت کی ہتک کرتے ہوئے ہیگڈے نے پورے ملک کی ہتک کی ہے۔“


Share: